وزیراعلیٰ کا روٹ روشن، ملتان کے گلی محلے اندھیرے میں؛ آخر کب تک؟

تحریر: کلب عابد خان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ملتان آمد سے قبل ضلعی انتظامیہ اچانک حرکت میں آگئی ہے۔ وزیراعلیٰ کے متوقع روٹ پر رات گئے تک روڈ مارکنگ، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت اور دیگر انتظامی کام جاری ہیں۔ سرکاری مشینری پوری طرح متحرک دکھائی دے رہی ہے، افسران کی نگرانی میں کام تیزی سے مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انتظامیہ نے شہر کو خوبصورت اور روشن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بلاشبہ سڑکوں پر روڈ مارکنگ اور سٹریٹ لائٹس شہریوں کی بنیادی ضرورت ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ یہ ضرورت صرف وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر ہی کیوں یاد آتی ہے؟

کیا ملتان کے شہریوں کو محفوظ سڑکوں، روشن شاہراہوں، بہتر ٹریفک نظام اور صاف ستھرے ماحول میں سفر کرنے کا حق حاصل نہیں؟ کیا یہ سہولیات صرف اس وقت فراہم کی جائیں گی جب کسی اہم شخصیت نے شہر کا دورہ کرنا ہو؟ عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہیں لینے والے سرکاری افسران اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے، نہ کہ صرف حکمرانوں کے گزرنے والے راستوں کو چند گھنٹوں کے لیے خوبصورت بنانا۔
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہمارے ہاں اکثر سرکاری مشینری کی کارکردگی کسی اعلیٰ شخصیت کے دورے سے منسلک دکھائی دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ کی آمد کا اعلان ہوتے ہی سڑکوں کی مرمت شروع ہوجاتی ہے، صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جاتے ہیں، سٹریٹ لائٹس کی یاد آجاتی ہے اور متعلقہ محکموں کے افسران رات گئے تک کام کرتے نظر آتے ہیں۔ لیکن یہی افسران جب عام شہریوں کی شکایات سنتے ہیں تو اکثر فائلوں، منظوریوں اور فنڈز کی عدم دستیابی کا معاملہ سامنے آجاتا ہے۔

ملتان جنوبی پنجاب کا ایک اہم تاریخی، تجارتی اور انتظامی مرکز ہے۔ یہاں لاکھوں شہری آباد ہیں، روزانہ ہزاروں افراد کاروبار، تعلیم، علاج اور دیگر ضروریات کے لیے شہر کی مختلف شاہراہوں پر سفر کرتے ہیں۔ مگر شہر کے متعدد علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی خرابی، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ناقص سیوریج، گندگی کے ڈھیر، ٹریفک کے مسائل اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی شہریوں کے لیے روزمرہ مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ کئی مقامات پر رات کے وقت اندھیرے کے باعث حادثات اور جرائم کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں سوال اٹھتا ہے کہ اگر ان مسائل کا حل ممکن ہے تو عام دنوں میں ان پر توجہ کیوں نہیں دی جاتی؟
کیا ضلعی انتظامیہ کے پاس ان مسائل کی نشاندہی کے لیے کوئی نظام موجود نہیں؟ کیا متعلقہ محکموں کے افسران شہر کی صورتحال سے آگاہ نہیں؟ یا پھر عوامی مسائل کی اہمیت اس وقت بڑھتی ہے جب کسی حکمران نے اسی راستے سے گزرنا ہو؟

یہاں ایک اور اہم سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ کی آمد پر جو کام ہنگامی بنیادوں پر کیے جارہے ہیں، ان کے لیے استعمال ہونے والے وسائل کہاں سے آتے ہیں؟ یقیناً یہ تمام اخراجات کسی نہ کسی صورت عوام کے ٹیکسوں سے ہی پورے ہوتے ہیں۔ اگر سرکاری خزانے سے سڑکوں کی مرمت، روڈ مارکنگ اور روشنی کے انتظامات ممکن ہیں تو یہی وسائل مستقل بنیادوں پر شہری سہولیات بہتر بنانے کے لیے کیوں استعمال نہیں کیے جاسکتے؟ عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ ترقیاتی بجٹ کس منصوبہ بندی کے تحت خرچ کیا جارہا ہے اور ان کاموں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ملتان آمد یقیناً انتظامیہ کے لیے شہر کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کا ایک موقع ہونا چاہیے۔ وزیراعلیٰ کو صرف اپنے روٹ پر ہونے والے انتظامات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں شہر کے مختلف علاقوں، اندرون شہر، گنجان آباد محلوں، تجارتی مراکز اور ان شاہراہوں کی صورتحال بھی دیکھنی چاہیے جہاں شہری روزانہ مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ اگر حکمران عوام کی حقیقی مشکلات جاننا چاہتے ہیں تو انہیں سرکاری پروٹوکول سے ہٹ کر عوامی مقامات کا جائزہ لینا ہوگا۔

یہ بھی ضروری ہے کہ وزیراعلیٰ متعلقہ افسران سے صرف کام مکمل ہونے کی رپورٹس طلب نہ کریں بلکہ ان منصوبوں کی مستقل نگرانی اور جواب دہی کا نظام بھی قائم کریں۔ سٹریٹ لائٹس لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال کون کرے گا؟ روڈ مارکنگ کتنے عرصے تک برقرار رہے گی؟ ٹوٹی سڑکوں کی مرمت کا مستقل منصوبہ کیا ہے؟ سیوریج کے مسائل کب حل ہوں گے؟ شہریوں کی شکایات پر کارروائی کی مدت کیا مقرر ہے؟ ان سوالات کے جواب انتظامیہ کو دینے چاہئیں۔

ملتان کے منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ ترقیاتی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ عوام کو ہر بار کسی وی آئی پی دورے کا انتظار نہ کرنا پڑے۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا پیمانہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کسی بڑے عہدیدار کے دورے سے پہلے کتنے گھنٹوں میں سڑکیں صاف اور روشن کردی گئیں، بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ عام دنوں میں بھی شہریوں کو یہی سہولیات مسلسل میسر ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے کہ ملتان کے دورے کو محض سرکاری اجلاسوں، استقبال اور پروٹوکول تک محدود نہ رکھا جائے۔ شہر کے بنیادی مسائل پر کھلی کچہری یا عوامی ملاقات کا اہتمام کیا جائے، متعلقہ محکموں سے تحریری ٹائم فریم لیا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ ان کے مسائل کب اور کیسے حل ہوں گے۔ انتظامی افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی ان کی روزمرہ عوامی خدمت کی بنیاد پر لیا جائے، نہ کہ صرف وزیراعلیٰ کی آمد سے پہلے دکھائی جانے والی سرگرمیوں پر۔

آخر میں سوال وہی ہے کہ کیا ملتان کے شہریوں کو اپنے شہر میں روشن سڑکوں، بہتر سیوریج، صاف ماحول اور محفوظ راستوں کے لیے کسی حکمران کی آمد کا انتظار کرنا پڑے گا؟ عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے اداروں کا فرض عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ حکمرانوں کے دورے پر شہر کو سجانا انتظامی ذمہ داری کا ایک حصہ ہوسکتا ہے، مگر عوامی مسائل کو نظرانداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

ملتان کو صرف وزیراعلیٰ کے روٹ پر نہیں، پورے شہر میں روشنی، صفائی اور ترقی چاہیے۔ ملتان بدلنا ہے تو نمائشی اقدامات کے بجائے مستقل بنیادوں پر عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ آخر کب تک شہری بنیادی سہولیات کے لیے کسی وی آئی پی دورے کے منتظر رہیں گے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں