دفاعی خود انحصاری | پاکستان کی عسکری خودمختاری کا سفر

تحریر: خالد بیگ

تاریخ کے اوراق میں ان گنت ایسی عظیم سلطنتوں کے نام اور نشانات دفن ہیں جنہوں نے اپنی حفاظت کے لیے دوسروں کے بنائے ہوئے ہتھیاروں پر انحصار کیا، اور وقت آنے پر ان کے خریدے ہوئے ہتھیار انہی کے خلاف بے کار ثابت ہوئے۔ عالمی بساط کی آج کی نشست میں ہم قومی سلامتی کے اس سب سے بنیادی، مگر اکثر نظر انداز کر دیے جانے والے مہرے کا جائزہ لیں گے جسے عسکری اصطلاح میں ‘دفاعی خود انحصاری’ یعنی ڈیفنس انڈیجینائزیشن اور سٹریٹجک خود مختاری کہا جاتا ہے۔

طاقت کے اس اٹل اصول کو سمجھنے کے لیے ہمیں سولہویں صدی کے معروف اطالوی مفکر اور جدید سیاسیات کے بانی نکولو میکیاولی کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔ میکیاولی نے پندرہ سو بتیس میں شائع ہونے والی اپنی شہرہ آفاق اور شاہکار تصنیف ‘دی پرنس’ کے باب تیرہ میں ایک ایسا سنہری عسکری اصول وضع کیا تھا جو آج بھی دنیا کی ہر ملٹری اکیڈمی کے نصاب کا حصہ ہے۔ انہوں نے لکھا تھا کہ کوئی بھی ریاست اس وقت تک حقیقی معنوں میں محفوظ اور خودمختار نہیں ہو سکتی جب تک کہ وہ اپنے ہی ہتھیاروں اور اپنی ہی فوج سے مسلح نہ ہو۔ میکیاولی کے مطابق، دوسروں سے مانگے گئے یا خریدے گئے ہتھیار یا تو آپ کے کندھوں سے گر جاتے ہیں، یا ان کا بوجھ آپ کو کچل دیتا ہے، اور یا پھر وہ آپ کو ایسا جکڑ لیتے ہیں کہ آپ اپنے فیصلے خود کرنے کے قابل نہیں رہتے۔

آج کی جدید اور ہائی ٹیک جنگوں میں میکیاولی کا یہ اصول ایک بھیانک حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔ آج عالمی بساط پر کوئی بھی عالمی طاقت کسی ترقی پذیر ملک کو اپنے جدید ترین جنگی طیارے یا میزائل سسٹم فروخت تو کرتی ہے، لیکن اس کے ساتھ اینڈ یوزر ایگریمنٹ، سافٹ ویئر لاکس، اور سپلائی چین کی ایسی پوشیدہ زنجیریں بھی پہنا دیتی ہے جو بوقتِ ضرورت ان اربوں ڈالر کے ہتھیاروں کو لوہے کے کباڑ میں بدل سکتی ہیں۔ ذرا تصور کریں کہ میدانِ جنگ میں گھمسان کا رن پڑا ہو، اور اچانک ہتھیار فراہم کرنے والا غیر ملکی سپلائر سیاسی دباؤ کے تحت آپ کے جہازوں کے پرزے اور میزائلوں کے کوڈز بلاک کر دے۔ آج کی دنیا میں خریدی گئی سیکیورٹی محض ایک سراب ہے۔ جس ہتھیار کو آپ خود نہیں بناتے، درحقیقت اس کا ٹریگر دبانے کا کلی اختیار بھی آپ کے پاس نہیں ہوتا۔

ریاستِ پاکستان کی عسکری تاریخ اس تلخ حقیقت اور اس سے سیکھے گئے سبق کی سب سے بڑی گواہ ہے۔ انیس سو نوے کی دہائی میں جب پاکستان نے اپنی بقا اور سلامتی کی خاطر اپنے ایٹمی پروگرام پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا، تو امریکہ کی جانب سے پریسلر ترمیم کے تحت ہمیں ان ایف سولہ طیاروں کی ترسیل روک دی گئی جن کی قیمت پاکستانی قوم اپنے خون پسینے کی کمائی سے ادا کر چکی تھی۔ یہ ہماری تاریخ کا وہ نازک اور فیصلہ کن ترین موڑ تھا جب ہماری عسکری قیادت اور سٹریٹجک منصوبہ سازوں نے یہ اٹل فیصلہ کیا کہ ریاستِ پاکستان کے دفاع کو اب مزید غیر ملکی طاقتوں کی سیاسی بلیک میلنگ، پابندیوں اور رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

اسی دردناک مگر ناگزیر احساس نے پاکستان میں عسکری خود انحصاری کے اس عظیم سفر کی بنیاد رکھی، جو آج اس عالمی بساط پر پاکستان کا سب سے مضبوط سٹریٹجک مہرہ بن چکا ہے۔ آج جب ہم ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا یعنی ایچ آئی ٹی، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ اور پاکستان آرڈیننس فیکٹریز جیسے عظیم الشان دفاعی اداروں کی طرف دیکھتے ہیں، تو ہمیں میکیاولی کے اس نظریے کی عملی اور شاندار تعبیر نظر آتی ہے۔

جب دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ عالمی پابندیوں اور معاشی دباؤ کے باعث پاک فضائیہ کے طیارے پرزوں کو ترس جائیں گے اور ہماری فضائیں غیر محفوظ ہو جائیں گی، تو ہمارے ہوا بازوں، سائنسدانوں اور انجینئرز نے چین کے اشتراک سے جے ایف سترہ تھنڈر جیسا شاہکار جنگی طیارہ مقامی سطح پر بنا کر دنیا کو حیران کر دیا۔ آج جے ایف سترہ تھنڈر بلاک تھری، جو جدید ترین ایکٹو الیکٹرانیکلی سکینڈ ایرے ریڈارز اور بیونڈ ویژول رینج میزائلوں سے لیس ایک فور پوائنٹ فائیو جنریشن طیارہ ہے، نہ صرف پاکستان کی فضائی سرحدوں کا ناقابلِ تسخیر محافظ ہے، بلکہ کئی دوست ممالک اسے خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ یہ طیارہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب کوئی قوم اپنی صلاحیتوں پر یقین کر لے، تو آسمان کی وسعتیں بھی اس کے ارادوں کے سامنے چھوٹی پڑ جاتی ہیں۔

اسی طرح زمینی محاذ پر الخالد ٹینک، جسے بجا طور پر ‘ریگستان کا بادشاہ’ کہا جاتا ہے، اور جدید ترین حیدر ٹینک کی مقامی سطح پر تیاری اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ہماری بری فوج کی پیش قدمی اب کسی غیر ملکی سپلائر کی مرہونِ منت نہیں۔ مقامی سطح پر تیار کیے گئے جدید ترین کروز میزائل، شاہپر ٹو جیسے مہلک اور ذہین ڈرونز،، جدید ترین ریڈار سسٹمز اور بکتر بند گاڑیاں اس خود انحصاری کے سفر کے وہ روشن ستارے ہیں جنہوں نے پاکستان کے دفاعی نظام کو ہر بیرونی دباؤ سے آزاد کر دیا ہے۔ آج پاک فوج کے زیرِ استعمال اسالٹ رائفلز سے لے کر سمارٹ بموں تک، ہر چیز پر ‘میڈ ان پاکستان’ کی مہر اس قوم کی آزادی اور خود مختاری کی حتمی ضامن ہے
۔
اس عالمی بساط پر طاقت کا توازن بڑی تیزی سے بدل رہا ہے۔ گلوبل سپلائی چینز ٹوٹ رہی ہیں اور عالمی طاقتیں ٹیکنالوجی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں۔ ایسے دور میں جو ریاستیں اپنے دفاع کے لیے دوسروں کی طرف دیکھتی ہیں، وہ اپنی خارجہ پالیسی اور سلامتی کا سودا کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ لیکن پاکستان کی مسلح افواج، ہمارے دفاعی سائنسدانوں اور انجینئرز نے پابندیوں اور کٹھن حالات کے زہر کو دفاعی خود انحصاری کے امرت میں بدل دیا ہے۔ آج کا پاکستان میدانِ جنگ میں ہتھیار مانگنے والا نہیں، بلکہ جدید ترین ہتھیار بنانے اور دوست ممالک کو برآمد کرنے والا ملک بن چکا ہے۔

ہماری یہ دفاعی اور عسکری خود انحصاری دشمن کے لیے ایک انتہائی واضح اور دو ٹوک پیغام ہے کہ اس مٹی کے دفاع کے لیے جو گولیاں، میزائل اور طیارے استعمال ہوں گے، ان کا کنٹرول کسی غیر ملکی طاقت کے پاس نہیں، بلکہ اس قوم کے اپنے محافظوں کے ہاتھ میں ہوگا۔ اور یاد رکھیں، جو ریاست اپنے ہتھیار خود بنانا، ان کی مرمت کرنا اور انہیں اپ گریڈ کرنا جانتی ہو، دنیا کی کوئی بساط، کوئی معاشی پابندی اور کوئی سپر پاور اسے کبھی مات نہیں دے سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں