تحریر:خالد بیگ
انسانی تاریخ کے عظیم ترین جرنیلوں اور فاتحین کا ہمیشہ سے ایک ہی خواب رہا ہے کہ کاش کوئی ایسا جادوئی ہتھیار مل جائے جس سے دشمن کی فوج سے لڑے بغیر ہی اس کی شکست یقینی بنائی جا سکے۔ صدیوں تک یہ محض ایک دیومالائی خواب تھا، لیکن اکیسویں صدی کے ڈیجیٹل انقلاب اور سمارٹ فونز نے اس خوفناک خواب کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔ عالمی بساط کی آج کی نشست میں ہم جنگ کے اس چھٹے اور جدید ترین محاذ کا جائزہ لیں گے جہاں کوئی گولی نہیں چلتی، کوئی خون نہیں بہتا، لیکن جیتی جاگتی اور ناقابلِ تسخیر ریاستیں اندر سے کھوکھلی ہو کر ڈھے جاتی ہیں۔ عسکری دنیا کی جدید ترین اصطلاح میں اسے ‘کاگنیٹو وارفیئر’ یا انسانی ذہنوں اور ادراک کی جنگ کہا جاتا ہے۔ یہ وہ جنگ ہے جس کا میدانِ کارزار کوئی جغرافیائی سرحد نہیں، بلکہ انسان کا اپنا ذہن ہے۔
جنگ کے اس بدلتے ہوئے فلسفے کو سمجھنے کے لیے ہمیں انیسویں صدی کے عظیم پرشین عسکری مفکر کارل وان کلازوٹز کی طرف لوٹنا ہوگا۔ کلازوٹز نے اٹھارہ سو بتیس میں شائع ہونے والی اپنی شہرہ آفاق کتاب ‘آن وار’ میں ‘سینٹر آف گریویٹی’ یعنی مرکزِ ثقل کا ایک انتہائی طاقتور نظریہ پیش کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ہر ریاست اور ہر فوج کا ایک مرکزِ ثقل ہوتا ہے، جس پر اس کی تمام تر طاقت اور بقا کا انحصار ہوتا ہے۔ اگر اس مرکزِ ثقل کو تباہ کر دیا جائے، تو پوری ریاست ریت کی دیوار کی طرح گر جاتی ہے۔ ماضی میں یہ مرکزِ ثقل دشمن کا دارالحکومت یا اس کی فوج ہوا کرتی تھی، لیکن آج کی جدید دنیا میں کسی بھی ایٹمی ریاست کا اصل مرکزِ ثقل اس کے عوام اور اس کی مسلح افواج کے درمیان موجود اعتماد کا وہ رشتہ ہے، جو پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو کر رکھتا ہے۔ آج کا دشمن اسی مرکزِ ثقل پر حملہ آور ہے۔
آج سمارٹ فونز اور سوشل میڈیا کے ذریعے انسانی ذہنوں کو کیسے ہائی جیک کیا جا رہا ہے، اس کی انتہائی ہولناک اور سائنسی منظر کشی برطانوی صحافی اور دفاعی مصنف ڈیوڈ پیٹریکاراکوس نے اپنی معرکہ آراء کتاب ‘وار ان ون فورٹی کریکٹرز’ میں کی ہے۔ دو ہزار سترہ میں شائع ہونے والی اس تہلکہ خیز کتاب کے صفحہ باسٹھ پر ڈیوڈ نے جدید جنگ کا ایک نیا اصول وضع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج کے دور میں یہ بات اہمیت نہیں رکھتی کہ میدانِ جنگ میں کون جیتا اور کون ہارا، بلکہ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ سوشل میڈیا پر بیانیہ کس کا جیتا۔ انہوں نے دلائل سے ثابت کیا کہ آج ایک سمارٹ فون اور انٹرنیٹ کنکشن رکھنے والا شخص، اگر وہ جھوٹ اور پروپیگنڈے کو وائرل کرنے کا فن جانتا ہے، تو وہ دشمن کے جدید ترین ٹینکوں اور توپ خانے سے زیادہ بھاری نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ڈیوڈ کے مطابق، اب جنگیں حقائق پر نہیں، بلکہ جذبات، اشتعال اور جھوٹے بیانیوں کی بنیاد پر لڑی اور جیتی جاتی ہیں۔
جب ہم اس عالمی بساط پر اپنے خطے یعنی جنوبی ایشیا پر نظر دوڑاتے ہیں تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ ہمارا مکار دشمن بھارت پچھلے کئی سالوں سے پاکستان کے خلاف اسی ‘کاگنیٹو وارفیئر’ کے خوفناک جال بُن رہا ہے۔ بھارت کی عسکری اور سیاسی قیادت اس تلخ حقیقت کو تسلیم کر چکی ہے کہ روایتی میدانِ جنگ میں یا ایٹمی سائے تلے وہ پاک فوج کو کبھی شکست نہیں دے سکتے۔ ستائیس فروری کے فضائی معرکے سے لے کر سرحدوں پر ہونے والی ہر جھڑپ نے دشمن پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس مٹی کے محافظوں سے براہ راست ٹکرانے کا انجام صرف ذلت ہے۔ اس لیے اب دشمن نے اپنی حکمتِ عملی تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کے مرکزِ ثقل یعنی عوام اور فوج کے رشتے پر براہ راست نفسیاتی حملہ کر دیا ہے۔
یہ ایک سوچی سمجھی اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر مبنی جنگ ہے جس میں ڈیپ فیکس، جعلی آڈیو اور ویڈیو کلپس، اور سوشل میڈیا پر بوٹ آرمی یعنی فیک اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستانی عوام، بالخصوص ہمارے نوجوانوں کے ذہنوں میں اپنی ہی ریاست اور اداروں کے خلاف زہر بھرا جا رہا ہے۔ دشمن کا طریقہ واردات انتہائی شاطرانہ ہے۔ وہ ہمارے معاشرے کی سیاسی اور معاشی خامیوں کو ڈھونڈتا ہے، اور پھر الگورتھمز اور فیک نیوز کے ذریعے ان خامیوں کو اتنا بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے کہ عوام مایوسی اور اشتعال کا شکار ہو کر اپنی ہی محافظ فوج سے بدظن ہو جائیں۔ ای یو ڈس انفو لیب کی چشم کشا رپورٹ اس بات کا محض ایک چھوٹا سا ثبوت تھی کہ کس طرح بھارت پندرہ سال تک جعلی خبر رساں اداروں کا ایک عالمی نیٹ ورک چلا کر دنیا بھر میں اور خود پاکستان کے اندر ریاست مخالف بیانیہ پروان چڑھا رہا تھا۔
اس ادراکی جنگ کا ہدف ہماری زمین پر قبضہ کرنا نہیں، بلکہ ہمارے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت کو مفلوج کرنا ہے۔ دشمن چاہتا ہے کہ ہم اپنے ہیروز کو ولن اور اپنے دشمنوں کو مسیحا سمجھنے لگیں۔ یہ تاریخ کی سب سے خاموش مگر سب سے بھیانک دراندازی ہے، جس میں دشمن ہمارے گھروں کے دروازے توڑ کر نہیں آتا، بلکہ ہمارے ہاتھ میں موجود سکرینوں کے راستے ہمارے ذہنوں میں داخل ہو جاتا ہے۔
لیکن اس عالمی بساط پر بچھائی گئی ہر چال کی طرح، دشمن کی یہ نفسیاتی اور ادراکی یلغار بھی بالآخر ناکامی سے دوچار ہو رہی ہے۔ ہماری عسکری قیادت، بالخصوص آئی ایس پی آر اور ریاستی اداروں نے اس کاگنیٹو وارفیئر کی سنگینی کو برقت بھانپ لیا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے سٹریٹجک کمیونیکیشن اور حقائق پر مبنی بیانیے کے ذریعے دشمن کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کا جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ فیک نیوز کے غبارے کو حقائق کی سوئی سے پنکچر کرنے کا عمل اب تیزی سے جاری ہے۔
تاہم، ذہنوں کی اس جنگ میں اصل مدافعتی نظام ریاست کی توپیں نہیں، بلکہ اس قوم کا باشعور نوجوان ہے۔ جب کوئی پاکستانی نوجوان سوشل میڈیا پر نظر آنے والی کسی اشتعال انگیز خبر یا ویڈیو کو آگے پھیلانے سے پہلے ایک لمحے کے لیے رک کر اس کی تصدیق کرتا ہے، تو وہ دراصل دشمن کے ایک خطرناک سائبر اور نفسیاتی حملے کو ناکام بنا رہا ہوتا ہے۔ شعور، تنقیدی سوچ اور حقائق کی تلاش وہ ناقابلِ تسخیر ڈھال ہے جسے دشمن کا کوئی بھی ڈیجیٹل ہتھیار نہیں چھید سکتا۔
آج کے اس ہنگامہ خیز دور میں جب عالمی بساط کی بساط ہمارے سمارٹ فونز تک پھیل چکی ہے، ہمیں یہ بات کبھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ دنیا کی کوئی طاقت، کوئی ففتھ جنریشن وارفیئر اور کوئی اربوں ڈالر کا پروپیگنڈا اس قوم کو نہیں ہرا سکتا، جب تک کہ یہ قوم خود ہار ماننے کا فیصلہ نہ کر لے۔ ہمارے دشمن کا سب سے بڑا خوف ہی یہ ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور اس کے غیور عوام ایک ہی جسم کی مانند ہیں۔ جب تک عوام کا اپنی افواج کی نیت اور قربانیوں پر غیر متزلزل یقین قائم ہے، دشمن کی ہر نفسیاتی چال، ہر جعلی ٹرینڈ اور ہر جھوٹا بیانیہ سچائی کی چٹان سے ٹکرا کر اسی طرح پاش پاش ہوتا رہے گا، اور پاکستان کا پرچم اس عالمی بساط پر پوری شان و شوکت سے لہراتا رہے گا۔





